حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سربراہ حوزہ علمیہ قم آیت اللہ علی رضا اعرافی نے عالم ربانی، معلم اخلاق، حوزہ علمیہ کے نامور فلسفی کی رحلت پر تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔
ان کے اس پیغام کا متن اس طرح ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
انا للہ وانا الیہ راجعون
عالم مجاہد، جلیل القدر فلسفی، مفسر قرآن اور فقیہ انقلابی حضرت آیت اللہ مصباح یزدی (اعلی اللہ مقامہ الشریف) کی رحلت کی خبر حوزہ علمیہ کے لئے بہت دردناک اور افسوسناک خبر ہے۔
آیت اللہ مصباح یزدی تحریک انقلاب اسلامی میں پیش پیش تھے۔ وہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور رہبر انقلاب اسلامی کے انتہائی مخلص ساتھیوں میں سے تھے۔ وہ حقیقی اسلام اور اس کی اقدار کے مدافع اور تمام فراز و نشیب، حوادث اور فتنوں میں ولایت فقیہ کے ساتھی اور انقلاب اسلامی کے دفاع میں عمار صفت تھے۔
وہ عظیم شخصیت اسلامی فلسفہ میں صاحب نظر اور جدید اور نئے نظریات رکھتے تھے۔ وہ مغربی فلسفہ پر بھی ایک دقیق نظر رکھتے تھے۔ ان کے فلسفی اور فکری آثار حوزہ علمیہ، یونیورسٹیز اور ملک کے اندر اور باہر کے علمی اور فلسفی مراکز کے لئے بہت عظیم اور قابل فخر خزانہ ہیں۔
ان کی زندگی کے اہم ترین نقاط میں سے ان کا معنوی، روحانی اور اخلاقی سلوک اور امام خمینی(رہ)، علامہ طباطبائی اور آیۃ اللہ بہجت جیسے عرفان کے اساتذہ سے استفادہ تھا۔
انہوں نے عظیم اور قابل فخر آثار کے علاوہ بہت بڑی تعداد میں شاگرد بھی چھوڑے ہیں۔ جو ان کے بہت بڑا علمی کارنامہ ہے۔
یہ عظیم استاد معنوی اور روحانی زاد راہ لے کر خدا کی بارگاہ میں پہنچے ہیں اور انشاء اللہ سر بلند اور ماجور ہیں۔
آیت اللہ مصباح یزدی(رحمتہ اللہ علیہ) مجاہدین راہ خدا اور بالخصوص شہید قاسم سلیمانی کے عاشق تھے اور ایام فاطمیہ اور شہید قاسم سلیمانی کی برسی کے ہمزمان اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔